امرتسر،23؍ستمبر(آئی این ایس انڈیا) پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے بدھ کے روز امرتسر کے گولڈن ٹیمپل میںحاضری دی اورکہاہے کہ وہ 2015 میں بے حرمتی کے مقدمات میں انصاف کو یقینی بنائیں گے۔چنی وزیر اعلیٰ بننے کے بعد پہلی بار یہاں آئے تھے۔ ان کے ساتھ نائب وزرائے اعلیٰ سکھجندر سنگھ رندھاوا اور او پی سونی اور کانگریس پنجاب یونٹ کے سربراہ نوجوت سنگھ سدھوبھی تھے۔ انہوں نے یہاں درگیانا مندر اور لارڈ والمیکی تیرتھ کا بھی دورہ کیا۔انھوں نے گولڈن ٹیمپل میں تقریباََدوگھنٹے قیام کے دوران خدمت کی۔ انہوں نے سکھوں کی سب سے اونچی نشست اکال تخت کا بھی دورہ کیا۔گولڈن ٹیمپل میں پوجاکے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ مختصر بات چیت میں چنی نے کہاہے کہ 2015 کے بے حرمتی کے مقدمات میں انصاف کیا جائے گا۔ وہ فرید کوٹ میں گرو گرنتھ صاحب کی بے حرمتی کے واقعات کا ذکر کر رہے تھے۔چننی نے کہاہے کہ وہ یہاں ’’ گروصاحب ‘‘کا آشیرواد حاصل کرنے آئے ہیں اور ریاست کے ہر مذہب کا احترام کیا جائے گا۔
سدھو نے کہاہے کہ سیاست مسائل سے ہٹ گئی ہے لیکن ہمارے وزیر اعلیٰ نے ان مسائل کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔چیف منسٹر کی تعریف کرتے ہوئے سدھونے کہا ہے کہ میں آج اس تجربے سے بہت خوش ہوں جو میں نے گذشتہ دو دنوں میں اس طرح کے ایک وزیر اعلیٰ (چنی) کے ساتھ کیاہے۔ میں نے اپنی آخری 17 سال کی سیاسی زندگی میں کبھی ایسا محسوس نہیں کیا۔ اب ایک احساس ہے کہ کانگریس بغیر کسی خوف کے لوگوں کی خدمت کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کا احترام کیا جائے گا اور سچ کی فتح ہوگی۔بعد میں چنی، رندھاوا ، سونی اور سدھو نے ایک مشہور چائے کی دکان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور کچوریوں اورروٹی مکھن کے ساتھ چائے کا لطف اٹھایا۔چنی نے مقامی رکن پارلیمنٹ گرجیت سنگھ اوجلہ سے بھی ملاقات کی اورایم ایل اے راج کمار ورک کی رہائش گاہ پر ناشتہ کیا۔چنی، رندھاوا ، سونی اور سدھو منگل کی رات دہلی سے امرتسرپہنچے ۔وہ پارٹی کی مرکزی قیادت کے ساتھ ریاست کی نئی کابینہ کی توسیع پر تبادلہ خیال کے لیے دہلی گئے تھے۔